بخارسٹ: فیفا ورلڈ کپ کوالیفائینگ راؤنڈ میں رومانیہ اور پولینڈ کے میچ میں شائقین اپنی ٹیم کی شکست برداشت نہ کر سکے اور کھیل کے دوران ہنگامہ آرائی کی ۔
کھیل کے 11 ویں منٹ میں پولینڈ کی جانب سے کامل گروسکی نے گول کرکے مہمان ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلادی، جس کے بعد شائقین جذباتی ہوگئے اور انہوں نے گراؤنڈ میں مختلف اشیاء پھینکنا شروع کردیں۔
اس کی وجہ سے کئی بار کھیل کو روکنا پڑا، تاہم کھیل کے دوسرے ہاف کے آغاز میں بائرن میونخ کلب کے لیے کھیلنے والے پولینڈ کے اسٹرائیکر روبرٹ لیوانڈوسکی کے قریب ایک آتش گیر مادہ آکر گرا اور دھماکے سے پھٹ گیا، جس کی وجہ سے روبرٹ بدحواس ہو کر زمین پر گرپڑے۔
انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی اور کچھ دیر تک کھیل کو روکنا پڑا، تاہم بعد ازاں روبرٹ لیوانڈوسکی نے بھی اپنا غصہ رومانیہ کی ٹیم پر نکالا اور یکے بعد دیگرے دو گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری 0-3 کردی۔
پولینڈ نے میچ بآسانی اپنے نام کیا۔ انگلینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو 3-0سے زیر کیا۔ یو ایس اے کو میکسیکو کے ہاتھوں 2 کے مقابلے میں 1 گول سے شکست ہوئی۔ ڈنمارک نے قازقستان کو 4-1،سلواکیہ نے لیتھونیا کو 4-0سے ہرایا۔ فرانس نے سوئیڈن کو جبکہ جمہوریہ چیک نے ناروے کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے زیر کیا۔