لاہور:وزیراعظم شہباز شریف نے شرپسندوں کو 72 گھنٹے میں گرفتار کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے لاہور میں سیف سٹی اتھارٹی کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائےگی۔ دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ قانون اپنے آہنی ہاتھوں سے ان لوگوں کو اپنی گرفت میں لےگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نےکہا یہ بد ترین حرکت کرنے والوں کو آئین اور قانون میں درج سزائیں دی جائیں گی۔ کورکمانڈر ہاؤس تاریخی جناح ہاؤس جل چکا ہے اور مکمل طور پر تباہ ہوگیا، ان واقعات پرپوری قوم غمگین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اور ان کا جتھا پاکستان کےدشمنوں سے کم نہیں، جوکام 75 برس میں نہیں ہوا وہ پی ٹی آئی کےشرپسندوں نےکیا۔ منصوبہ بندی کے تحت سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور شہیدوں اور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان شرپسندوں کے خلاف انسداد دہشت گردی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں۔ وزیر قانون انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی تعداد بڑھائی ۔تمام شرپسندوں کو بلاتفریق گرفتار کیا جائے، اگلے 72 گھنٹوں میں تمام مجرموں اور حملہ آوروں کو گرفتار کیا جائے۔