لندن :پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت جہاں اس وقت پاکستان کے مستقبل کے فیصلے کرنے کیلئے لندن میں بیٹھی ہوئی ہے وہیں اب یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ نواز شریف بہت جلد وطن واپس تشریف لا رہے ہیں ۔
اپنے قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جلد آپ کو فرنٹ فٹ پر کھیلتے نظر آئے گی، ملک میں افراتفری اور نفرت پھیلانے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے، نواز شریف عنقریب پاکستان میں ہوں گے۔
دوسری جانب مشاورتی اجلاس کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ملکی معیشت سے متعلق مسلم لیگ (ن) اہم فیصلے لے چکی ہے، اتحادیوں کو اعتماد میں لے کر اعلان کریں گے،وزیر دفاع نے کہا کہ عوام خودمختار ہیں، ہم اور اتحادی اپنا کیس عوام کے سامنے رکھیں گے، 48 گھنٹے میں ہم پاکستان کی عوام کو اعتماد میں لیں گے، جو بھی مشاورت کی ہے اتحادیوں کے سامنے رکھیں گے، ہم تنہا کوئی فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔
انہوں نے کہا اسٹیک صرف مسلم لیگ (ن) کا نہیں دیگر اتحادی جماعتوں کا بھی ہے، جب تک اتحادی آن بورڈ نہیں ہوں گے کسی فیصلے پر نہیں پہنچ سکتے۔