ملتان :شدید گرمی کیساتھ خشک سالی نے بھی پاکستان کے مختلف علاقوں میں ڈیرے ڈال لیے ،سندھ ، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں پانی نہ ملنےپر فصلیں خشک اور زمینیں بنجر ہونے لگیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک طرف شدید گرمی ہے تو دوسری جانب پانی کی قلت سے کاشت کاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، صحرائے تھرچولستان میں مزید ڈیڑھ سو بھیڑ بکریاں مر گئیں۔
ضلع ٹھٹہ میں پانی کی قلت کے خلاف متاثرین دھرنا دے کر کراچی ٹھٹہ قومی شاہراہ بند کردی۔ بہاولپور کے صحرائے چولستان میں خشک سالی سے صورتحال سنگین ہونے لگی۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں پانی نہ ملنے کی وجہ سے زمینیں بنجر ہونے کاخدشہ ہے ،کپاس سمیت کئی فصلیں خطرے میں پڑ گئیں ،ٹھٹہ، کیٹی بندر ،گھوڑاباری ،میرپورساکرو میں پانی کی قلت کے خلاف ا حتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، کراچی ،ٹھٹہ قومی شاہراہ کو دھرنا دے کر بند کردیا گیا ۔
لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ میں کاشتکاروں کو نہری پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ، 14 لاکھ ایکڑ رقبے پر مشتمل زرعی زمین بنجر ہونے کا امکان ہے ، ٹنڈوالہ یار کے تعلقہ چمبڑ اور جھنڈو مری میں بھی آبادگار سراپا احتجاج ہیں ،ٹنڈو محمد خان میں شہری پینے کے پانی سے بھی محروم ہیں ،تھرپارکر میں بھی کشمیر چوک مٹھی میں پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کیا گیا ۔