رواں سال پاکستان سے 81 ہزار عازمین فریضہ حج ادا کریں گے

02:45 PM, 13 May, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: رواں سال پاکستان سے 81 ہزارعازمین فریضہ حج ادا کریں گے اور دنیا بھر سے 10 لاکھ سے زائد مسلمان فریضہ حج ادا کریں گے۔ پاکستانی عازمین کیلئے سرکاری حج کی فیس 9 لاکھ 45 ہزار جبکہ پرائیویٹ حج کی فیس 12 لاکھ روپے تک رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امورنے حج سے متعلق فریم ورک مکمل کر لیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال 81 ہزار پاکستانی حج ادا کریں گے جبکہ اس سے قبل 2019 میں ایک لاکھ 80 ہزارسے زائد پاکستانی عازمین نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق 60 فیصد کوٹہ پرائیویٹ حج آپریٹر اور 40 فیصد سرکاری آپریٹرز کودینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سرکاری حج کی فیس 9 لاکھ 45 ہزار روپے اور پرائیوٹ حج کی فیس 12 لاکھ روپے تک رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ 
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج کیلئے اب تک 30 ہزارسے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں اور درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ 13 مئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام پاکستانی ائیرلائنز حج آپریشن میں حصہ لیں گی جبکہ ائیرلائن کا کرایہ ایک لاکھ 80 ہزار روپے سے 2 لاکھ روپے تک مقررکئے جانے کا امکان ہے۔ 
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ تمام حجاج کرام کیلئے سمارٹ فون لازمی قرار دیا گیا ہے اور ادائیگی حج کیلئے سعودی عرب پہنچنے والے عازمین کیلئے انٹرنیٹ پیکیج کے ساتھ مقامی سم لینا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں