کراچی: بم ڈسپوزل سکواڈ (بی ڈی ایس) نے صدر میں گزشتہ رات ہونے والے بم دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی ہے جس کے مطابق دھماکہ خیز مواد سائیکل کے کیرئیر میں نصب کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈ کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سائیکل کے کیریئر میں نصب کیا گیا تھا اور بی ڈی ایس عملے کو جائے وقوعہ سے سائیکل کے پارٹس ملے جبکہ دھماکے کی جگہ سے 55 سٹیل بال بیئرنگ بھی ملے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے میں دیسی ساختہ آئی ای ڈی، بال بیئرنگ اور ڈھائی کلو بارادی مواد استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں 7 کاریں اور 3 موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دوسری جانب جناح ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صدر دھماکے کے 2 زخمی جناح ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دوسرے زخمی کو ڈسچارج کردیا گیاہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں زخمیوں کے جسم سے بال بیرنگز نکالے گئے، ان کے جسم پرجلنے کے نشان بھی ہیں جبکہ کچھ زخمیوں کی مختلف ہڈیاں بھی ٹوٹی ہیں۔