پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے پہلی بار ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اپریل کے آخر سے ملک بھر میں بہت تیزی سے ایک بخار پھیل رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے ملک میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا کی کچھ علامات والے 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے ایک ہلاک شخص میں اومی کرون کے سب ویرئنٹ کی تصدیق ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مہینے کے آغاز سے ایک بخار بہت تیزی سے ملک بھر میں پھیل رہا ہے لیکن اس کی کوئی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آ سکی جبکہ 1لاکھ 87 ہزار افراد کو بخار کی علامات کے باعث قرنطینہ کیا گیا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق ملک بھر میں پھیلنے والے بخار کی وجہ سے اب تک 6 مریضوں کی ہلاکت ہو چکی ہے جبکہ گزشتہ روز 18 ہزار افراد میں کورونا وائرس کی کچھ علامات رپورٹ ہوئیں تاہم شمالی کوریا نے واضح طور پر نہیں بتایا کہ کتنے افراد کورونا پازیٹو ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی کوریا کی حکومت کی جانب سے ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کی تصدیق کے بعد ایمرجنسی لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیاہے اور صدر کم جونگ ان کا کہنا ہے کہ بخار کی علامات والے آئیسولیٹ افراد کا علاج اولین ترجیح ہے۔
شمالی کوریا کی پہلی بار ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تصدیق
11:21 AM, 13 May, 2022