کراچی: شہر قائد سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے شدید گرم موسم میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے اور لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی گھنٹوں بجلی غائب رہنا معمول بن گیا ہے۔
ایک ماہ پہلے تک جن علاقوں میں صرف ایک ، ایک گھنٹے کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اب وہاں تین سے چار مرتبہ تین، تین گھنٹوں تک بجلی بند کی جا رہی ہے جبکہ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو پانی کی کمی کا بھی سامنا ہے۔
کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) کا کہنا ہے کہ 14 گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ سے متعلق خبروں میں صداقت نہیں بلکہ شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا سکون چھین گیا ہے اور کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث کاروبار سمیت معاملات زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ گرمی سے بچنے کیلئے گھر جائیں تو بجلی نہیں ہوتی باہر نکلیں تو شدید گرمی، حکومت کو عوام کا احساس کرتے ہوئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کو کنٹرول کرنا چاہئے تاکہ شدید گرمی کے اس موسم میں کچھ سکون میسر ہو سکے۔
ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں لوڈشیڈنگ جاری
10:55 AM, 13 May, 2022