بیت المقدس: اسرائیلی مظالم کے باوجود اپنی موت سے بے خوف لاکھوں مسلمانوں نے آج قبلہ اول مسجد اقصٰی میں عیدالفطر کی نماز ادا کرکے صہیونیوں کو پیغام دیا ہے کہ سچے مسلمان اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مسجد اقصٰی اور اس کے باہر تاحد نگاہ لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کشیدہ صورتحال اور اسرائیلی رکاوٹوں کے باوجود لاکھوں فلسطینی نماز عیدالفطر کی ادائیگی کے لیے پہنچے تھے۔
خیال رہے کہ غزہ میں شہادتوں کی تعداد 53 ہو گئی ہے۔ ان میں 14 بچے اور 3 خواتین شہید ہونے والوں میں شامل ہیں جبکہ 320 افراد زخمی ہیں۔ اسرائیلی حملوں کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔
اسس بربریت اور درندگی کے جواب میں فلسطین کی تنظیم حماس نے اسرائیل کو عبرت کا نشان بنانے کیلئے اس پر سینکڑوں راکٹ داغے ہیں۔
حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں 110 جبکہ دیگر علاقوں میں بھی لگ بھگ 100 کے قریب راکٹ پھینکے گئے ہیں۔
غزہ کے فلسطینی انتہائی محدود وسائل کے باوجود دیسی ساخت کا راکٹ تیار کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ان راکٹس نے اسرائیلی ڈیفنس سسٹم کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے۔
قبلہ اول مسجد اقصی میں نماز عید ادا کی جا رہی ہے
تا حد نگاہ لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہے
کشیدہ صورتحال اور اسرائیلی رکاوٹوں کے باوجود ہزاروں فلسطینی نمازعید کی ادائیگی کے لیے پہنچے ہیں pic.twitter.com/2lpUE1fYsU
— ترکی اردو (@TurkeyUrdu) May 13, 2021
دوسری جانب پاکستان سمیت دنیا بھر میں جہاں جہاں مسلمان آباد ہیں وہاں اسرائیل کی جارحیت کیخلاف شدید مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ مسجد اقصٰی اور غزہ میں مزاحمت کی حمایت میں ترکی کے مختلف شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ دارالحکومت انقرہ اور سب سے بڑے شہر استنبول میں اظہاریکجہتی کےلیے مسلسل مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
لندن میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی رہائش گاہ کے باہر ہزاروں افراد نے فلسطین کے حق میں مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیلی حملے رکوانے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
ادھر یورپ میں آزادی رائے کی بدترین مثال سامنے آئی ہے۔ ترک نژاد جرمن سیاستدان ایتین ایردل سے برسر اقتدار پارٹی نے ایگزیکٹو کے عہدے سے استعفیٰ طلب کر لیا ہے۔ اس خاتون سیاستدان ایتین ایردل نے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے حملوں کی شدید مذمت کی تھی۔
سربیا کے دارالحکومت بغداد میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے بیت المقدس اور فلسطین کے دفاع اور غزہ کی حمایت میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔