ملک میں مالز اور فلائٹس کھولنے پر بات چیت ہو رہی ہے، اسد عمر

11:48 PM, 13 May, 2020

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمرنے کہا ہے کہ ملک بھر میں فیصلے اتفاق رائے سے ہو رہے ہیں، بڑی مارکیٹیں کھولنے کا فیصلہ بالکل آخر میں کیا گیا تھا اور مالز اور فلائٹس کھولنے پر بھی بات چیت ہو رہی ہے، ایک دو روز میں فیصلہ ہو جائے گا۔ اگر کیسز تیزی سے بڑھنے شروع ہوگئے تو مجبوری میں ہم فیصلے پر نظر ثانی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ،  وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مئی کے مہینے میں کورونا کیسز بڑھتے نظر آئیں گے کیسز میں اضافہ ضرور ہو رہا ہے لیکن اتنا نہیں کہ ہمارے ہسپتال کے نظام مفلوج ہو جائیں۔

 اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہر دس روز بعد کورونا سے ممکنہ صورت حال کا جائزہ لیا جا تا ہے، مئی کی صورت حال کا جو پچھلے مہینے اندازے لگائے گئے اس کے حساب سے حالات توقع کے مطابق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو روزگار اور کاروبار میں آسانیاں دی گئیں، پچھلے دو روز میں جس طرح عوام گھروں سے باہر نکلے ہیں ایسا ہی معاملہ رہا تو حالات خراب بھی ہوسکتے ہیں، اگر حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں گی تو حالات قابو سے باہر نہیں ہوں گے۔

مزیدخبریں