ریاض: سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر عیدالفطر پر مکمل کرفیو کا اعلان کر دیا۔سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور اس سے بچنے کے لیے مقرر تمام حفاظتی اقدامات میں رمضان کے آخر تک لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی گئی ہے۔
حکم نامے کے مطابق کرفیو میں جاری نرمی 29 رمضان 22 مئی تک برقرار رہے گی جب کہ 30 رمضان سے 4 شوال تک سعودی عرب کے تمام علاقوں اور صوبوں میں مکمل کرفیو کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کے عہدیدار نے منگل کو جاری بیان میں بتایا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے کرفیو کے حوالے سے نئے اقدامات کیے ہیں، وزارت صحت کے حکام کی سفارش پر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مندرجہ ذیل فیصلے کیے گئے ہیں۔
21 رمضان 1441 ہجری بمطابق 14 مئی 2020 جمعرات سے 29 رمضان 1441 ہجری بمطابق 22 مئی 2020 جمعہ کے آخر تک 4 اقدامات طے کیے گئے ہیں۔
1۔ مستثنیٰ اقتصادی و تجارتی سرگرمیاں جوں کی توں برقرار رہیں گیں۔
25 اپریل کو جاری کردہ فیصلے میں جن اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی تھی وہ اسی طرح جاری رکھی جاسکیں گیں، البتہ مقررہ حفاظتی تدابیر کی پابندی ضروری ہوگی۔
2۔ دن کے وقت 8 گھنٹے ضروری کاموں سے گھروں سے نکلنے کی اجازت ہوگی۔
روزانہ صبح 9 بجے سے لے کر شام 5 بجے تک سعودی عرب کے تمام علاقوں اور شہرو ں میں مقامی باشندے اور مقیم غیرملکی گھروں سے اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے نکل سکیں گے البتہ مکہ مکرمہ اس سہولت سے مستثنیٰ ہو گا، مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ گھروں سے نکلتے وقت مقررہ حفاظتی تدابیر کا پوری طرح سے دھیان رکھیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب نے عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ سرکاری اداروں میں 21 رمضان سے 8 شوال تک عیدالفطرکی چھٹیاں ہوں گی جب کہ نجی اداروں میں 29 رمضان المبارک سے عیدالفطر کی تعطیلات کا آغاز ہو گا۔