کلین اینڈ گرین منصو بے کے تحت وفاقی دارالحکومت میں 3 لاکھ پودے لگا چکے ہیں، ڈائریکٹر جنرل ماحولیات سی ڈی اے

 کلین اینڈ گرین منصو بے کے تحت وفاقی دارالحکومت میں 3 لاکھ پودے لگا چکے ہیں، ڈائریکٹر جنرل ماحولیات سی ڈی اے
کیپشن: اے پی پی ۔۔ بفوٹو بشکریہ

اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم کے کلین اینڈ گرین منصوبہ کے تحت وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) 3 لاکھ سے زائد مقامی پودوں کی شجرکاری کر چکا ہے، تین ہزار سے زائد عملہ پودوں کی روزمرہ دیکھ بھال کر رہا ہے۔

سی ڈی اے کے شعبہ ماحولیات کے ڈائریکٹر جنرل عرفان نیازی نے پیر کو ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کے کلین اینڈ گرین منصوبہ پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور اب تک تین لاکھ سے زائد مقامی پودوں جن میں شیشم، بیر، کیکر، سکھ چین اور دیگر پودوںکی شجرکاری کی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان پودوں کی مناسب دیکھ بھال کےلئے اسلام آباد کے تمام سیکٹرز میں تین ہزار سے زائد ورکرز کو تعینات کیا گیا ہے جو باقاعدگی سے پودوں کی دیکھ بھال کر رہے ہیں اور ضرورت کے مطابق پودوں کو پانی بھی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین منصوبہ کو مثالی انداز میں پیش کرنے کےلئے سی ڈی اے کا شعبہ ماحولیات دن رات کام کر رہا ہے

اور مون سون کا سیزن شروع ہوتے ہی تین لاکھ سے زائد مزید مقامی پودے لگائے جائیں گے کیونکہ مقامی پودے سایہ دار ہونے کے ساتھ ماحول دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپورکوشش ہے مقامی پودوں کی شجرکاری کی جائے کیونکہ درآمد شدہ پودوں سے ہمارے مقامی درختوں زیادہ ماحول دوست ثابت ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے تمام سیکٹرز میں موجود پارکوں میں بھی ترجیحی بنیادوں پر پودے لگائے گئے ہیں اور ان کی مناسب دیکھ بھال کی جا رہی ہے اور سڑکوں کے اطراف گرین بیلٹس پر بھی پودوں کی نشوونما کا باقاعدگی سے خیال رکھا جا رہا ہے۔