جوہانسبرگ :پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمنز کرکٹ ٹیم کے درمیان جاری تین میچوں کی سیریز برابر ہو گئی ہے۔تیسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 265 رنز بنائے تھے اور پاکستان نے بھی 50 اورز میں 265 رنز بنا کر میچ برابر کردیا۔
تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 265 رنز بنائے۔قومی ٹیم نے بھی مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر265 رنز بنائے۔
قبل ازیں تین میچوں کی سیریز دونوں ٹیموں کے درمیان 1-1 میچ سے برابر تھی۔پہلا میچ قومی ٹیم نے 8 وکٹ سے اپنے نام کیا تھا اور دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو 8 وکٹ سے جیت حاصل ہوئی تھی۔دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز کا ہدف دیا تھا جسے حریف ٹیم نے 37 ویں اورز میں حاصل کرلیا۔آئی سی سی ویمنز چمپئن شپ جنوبی افریقہ میں کھیلی جارہی ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ٹی20 سیریز کا پہلا میچ 15 مئی، دوسرا 18 مئی، تیسرا 19 مئی، چوتھا 22 مئی اور پانچواں میچ 23 مئی کو کھیلا جائے گا۔دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ویمن کرکٹ ٹیم کے ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی اسکواڈ کی کپتان بسمہ معروف ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ثنا میر، ایمن انور، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، جویریہ رؤف، کائنات امتیاز، ناہیدہ خان، نشرح سندھو، ندا ڈار، اومیمہ سہیل، رامین شمیم، سدرہ امین، جویریہ ودود اور سدرہ نواز شامل ہیں۔