100ارب روپے سے بلاسود قرضوں کی فراہمی،کپاس کے کاشتکار اس پروگرام سے فائدہ اٹھائیں‘شہبازشریف 

07:04 PM, 13 May, 2017

لاہور:  وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے ہمیشہ کاشت کاروں کے مفادات کاتحفظ کیاہے اوراس ضمن میں مسلم لیگ (ن )کی حکومت نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں کسانوں کی فلاح وبہبود اورریلیف کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کا پیکیج دیاہے جس کے زرعی شعبہ پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں، اللہ تعالی کے فضل وکرم اورکسان بھائیوں کی محنت کے باعث رواں برس گندم کی شاندار فصل ہوئی ہے۔

وزیراعلی محمد شہبازشریف نے کپاس کی بوائی کے سیزن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی،غذائی خود کفالت اور کاشتکاروں کی خوشحالی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اورحکومت نے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے اوربھرپور پیداوار کے حصول کے لئے بہت سے اہم اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی زیادہ سے زیادہ پیداوار قومی معیشت کے استحکام کی ضمانت ہے اورامسال صوبہ بھر میں6ملین ایکڑ کپاس کے زیر کاشت رقبہ سے 10ملین گانٹھ کا پیداواری ہدف مقر ر کیاگیاہے۔کاٹن زون میں کاشتکاروں کو زرعی ماہرین مشاورت فراہم کرر ہے ہیں جبکہ چھوٹے کاشتکاروں کےلئے پنجاب حکومت نے 100ارب روپے سے بلاسود قرضوں کی فراہمی کا شاندار پروگرام شروع کیا ہے۔ کپاس کے کاشتکار اس بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام سے فائدہ اٹھائیں اوراپنی کپاس کی فصل کےلئے بلاسود قرضے حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کسان کی خوشحالی کو ملک کی خوشحالی سمجھتی ہے اورزرعی شعبے کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں، جس طرح سستی کھاد کے باعث کاشتکاروں کو بے پناہ فائدہ ملاہے اورگندم کی شاندار فصل ہوئی ہے ،اسی طرح اس بار مجھے امید ہے کہ کپاس کی فصل بھی شاندار رہے گی۔باہمی مشاورت سے زراعت کودرپیش مسائل کے حل کےلئے اورکاشتکاروںکی خوشحالی کےلئے آئندہ بھی موثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے اورمستقبل قریب میںمیرے کسان بھائیوں کومزید خوشخبریاں ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی اورکاشتکاروںکی خوشحالی سے ہی ملک خوشحال ہو گا۔ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں اور بہتر حکمت عملی کے باعث آئندہ برسوں میں اہم فصلوں کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوگی۔

مزیدخبریں