لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کے سربراہ شہریار محمد خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مصباح الحق کوآئی سی سی میچ ریفری بنانے کا خواہش مند ہے۔میچ ریفری بننے کے فیصلے کا اختیار خود مصباح الحق کے پاس ہوگا،پی سی بی چاہتا ہے کہ مصباح الحق میچ ریفری بنیں۔مصباح الحق کمنڑی کرتے ہیں یا پھر پی سی بی کی اس رائے کا احترام کرتے ہوئے اپنی خاموش طبیعت کے عین مطابق میچ ریفری بننے کو ترجیح دیتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین پی سی بی نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق کو آئی سی سی میچ ریفری کے لئے نامزد کرنا چاہتے ہیں تاہم اس بارے میں فیصلے کا اختیار خود مصباح الحق کے پاس ہوگا۔چیئرمین پی سی بی کا اس بارے میں خیال ہے کہ ماضی میں اس معاملے میں پاکستان کے کچھ زیادہ کرکٹرز سامنے نہیں آئے لیکن اب آئی سی سی کے اس شعبے میں سابق کرکٹرز بڑی تیزی سے سامنے آرہے ہیں اور انھیں خوشی ہوگی ،اگر مصباح اس بارے میں رضامندی ظاہر کریں۔
اب یہ طے پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان کو کرنا ہے کہ وہ کمنڑی کی جانب متوجہ ہوتے ہیں یا پھر پی سی بی کی اس رائے کا احترام کرتے ہوئے اپنی خاموش طبیعت کے عین مطابق میچ ریفری بننے کو ترجیح دیتے ہیں ۔اگر مصباح الحق اس حوالے سے منظر عام پر آئے تو وہ وہ پہلے قومی ٹیسٹ کرکٹرنہیں ہوں گے،ان سے قبل اس شعبے میں پاکستان کے جن ٹیسٹ کرکٹرز نے قسمت آزمائی کی،ان میں ماجد خان ،کرنل (ر)نوشاد،مرحوم وسیم حسن راجا،نسیم الغنی،اظہر خان اور ویسٹ انڈیز میں قومی ٹیم کے منیجرکے فرائض انجام دینے والے طلعت علی ملک شامل ہیں۔