کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے تک پاکستان کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بات کوئٹہ میں بلوچستان میں امن و امان کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیراعظم کو صوبے میں جاری سکیورٹی صورتحال اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حالیہ ٹرین حملے میں دہشت گردوں نے رمضان کے مقدس مہینے کی بھی بے حرمتی کی اور نہتے مسافروں کو یرغمال بنا لیا، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے 339 مسافروں کو بازیاب کرایا۔ انہوں نے ایس ایس جی کی ضرار کمپنی کی خدمات کی بھی تعریف کی، جو دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ جعفر ایکسپریس کے سانحے نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے اور اس کے اثرات کو نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان میں محسوس کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے بعد ہی پاکستان کی ترقی ممکن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں دہشت گردوں کے خلاف مکمل یکجہتی کے ساتھ کارروائی کی جائے گی۔