پی ٹی آئی کا جعفر ایکسپریس پر پروپیگنڈا انتہائی شرمناک ہے: خواجہ آصف

پی ٹی آئی کا جعفر ایکسپریس پر پروپیگنڈا انتہائی شرمناک ہے: خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سانحہ جعفر ایکسپریس کے حوالے سے پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا انتہائی شرمناک ہے۔ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا نے دہشت گردوں کو کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے مسافروں کو خود چھوڑا۔ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ افسوسناک تھا، تاہم پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اور کم سے کم نقصان کے ساتھ آپریشن مکمل کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا نے اس حملے کو غلط طور پر پیش کیا اور دہشت گردوں کو "کریڈٹ" دیا۔ وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ جو بیرون ملک بیٹھ کر سازشیں کر رہے ہیں، اس پروپیگنڈے کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان میں دہشت گردوں کو لا کر بسانے کی باتیں کرتے رہے ہیں، انہیں اپنا ماضی دیکھنا چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی اقتدار کی جنگ لڑنے میں تو کامیاب ہو سکتی ہے، مگر ملک کی جنگ لڑنے سے انکاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنما اپنے جھوٹ اور سازشوں کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اور مسلح افواج کے کردار کو نشانہ بناتے ہیں۔