اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور ہمیں اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوں گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے سانحہ جعفر ایکسپریس کی شدید مذمت کی، جس میں دہشت گردوں نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بولان میں سکیورٹی فورسز کے 4 جوانوں اور 20 مسافروں کی شہادت پر ان کے اہل خانہ کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دے رہی ہے اور سکیورٹی فورسز نے آپریشن کو کامیابی سے مکمل کیا۔
بیرسٹر گوہر علی نے پارلیمنٹ میں گفتگو کے حقوق پر بھی بات کی اور کہا کہ اکثر پوائنٹ آف آرڈر مانگنے پر بھی نہیں ملتا، اور اگر مل جائے تو وقت پورا نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق پارلیمنٹ میں 130 دن سیشن ہونا چاہیے لیکن آخری بار صرف 89 دن سیشن چلایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون سازی پر بحث ہونی چاہیے اور صدر صاحب نے دوسری بار خطاب کیا ہے، اس پر بھی پارلیمنٹ کے رولز کی پاسداری ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کو بھول کر آگے کی طرف بڑھنا ہوگا۔