لاہور: سابق وفاقی وزیر جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ مانگ تانگ کربندے اکٹھے کرکے پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت بنائی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں با ت کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ " ہم کٹھ پتلی ہیں، یہ بات ہے تو شرمندگی والی لیکن حقیقت یہی ہے،ہمیں تو سادہ اکثریت بھی نہیں ملی،مانگ تانگ کربندے اکٹھے کرکے ہماری حکومت بنادی گئی"۔
دوسری جانب ن لیگی رہنماڈاکٹر آصف کرمانی نے بھی نجی ٹی وی کےپروگرام میں با ت کرتے ہوئے کہا "موجودہ کابینہ بارہ مصالحوں کی چاٹ ہے، یہ ڈنگ ٹپاؤ قسم کی کابینہ ہے، اس میں کچھ اجنبی، کچھ ریٹائرڈ، کچھ غیر منتخب لوگ ہیں"۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی 19 رکنی وفاقی کابینہ میں خواجہ آصف وزیر دفاع، دفاعی پیداوار اور ایوی ایشن ، جبکہ قیصر احمد شیخ کو وزارت میری ٹائم افئیرز اور ریاض پیرزادہ کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس دی گئی ہے۔اسحاق ڈار وزیرخارجہ، احسن اقبال وزیرمنصوبہ بندی اور ترقی، عبدالعلیم خان وزیرنجکاری، جام کمال خان وزیرتجارت اور اویس احمد خان لغاری کو وزیر ریلوے مقرر کیا گیا ہے۔بورڈ آف انویسٹمنٹ کا اضافی چارج بھی علیم خان کے پاس ہو گا۔
عطا تارڑ وزیراطلاعات اور نشریات، رانا تنویر حسین وزیر صنعت و پیداوار ، خالد مقبول صدیقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اعظم نذیر تارڑ وزیر قانون ۔مصدق ملک کو وزارت پیٹرولیم اور توانائی، چوہدری سالک حسین کو وزیر سمندر پار پاکستانیز و انسانی ترقی تفویض کی گئی ہے جبکہ امیر مقام سیفران کے وزیراور وزارت قومی ورثہ و ثقافت کا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہے۔
احمد چیمہ کو وزارت اقتصادی امور کا قلمدان سونپ دیا گیا، اسٹیبلشمنٹ کا اضافی چارج بھی احد چیمہ کے پاس ہے جبکہ سید محسن نقوی کو وزارت داخلہ کا قلمدان تفویض کیا گیا تاہم وزارت انسداد منشیات کا اضافی چارج بھی ان کو دیا گیا ہے۔