یورپی یونین کو کوئی خط نہیں لکھا گیا، وزیر اطلاعات کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں:پی ٹی آئی 

03:58 PM, 13 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:ترجمان  پی ٹی آئی نے عطا اللہ تارڑکی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے یورپی یونین کو کوئی خط نہیں لکھا گیا، وزیر اطلاعات کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا تھا پی ٹی آئی کی جانب سے یورپی یونین سے رابطہ کرکے کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کا ’جی ایس پی پلس‘ کا درجہ واپس لیں، جھوٹی مہم کےذریعے معیشت داؤ پر لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جعلی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس جھوٹ، الزام تراشی اور بیہودگی کےسوا کچھ نہیں۔مزید کہنا تھا کہ مینڈیٹ چرا کر ملک پر قابض ہونے والے حب الوطنی کا درس دے رہے ہیں، تحریک انصاف سب سے بڑی اورمقبول ترین واحد جماعت ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی وفاق کی تمام اکائیوں کی نمائندگی کرتی ہے۔مزید کہا کہ تحریک انصاف کی طرف سے یورپی یونین کو نہ کوئی خط لکھا گیا ہے اور نہ ہی خط لکھنے کا کوئی ارادہ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے تجربہ کار وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی نااہلی اور ہٹ دھرمی آئی ایم ایف پروگرام کی تکمیل میں تاخیر کا سبب بنی، جس کی گواہی ان کے اپنے وزرا دے چکے ہیں، عمران خان اور تحریک انصاف کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی دوسری قسط جاری کی گئی۔

مزیدخبریں