لاہور: اسلام آباد پولیس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کیلئے آئندہ 24 گھنٹوں میں زمان پارک جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق خاتون جج کو دھمکانے اور توشہ خان کیس میں عدم پیشی پر اسلام آباد کی دو عدالتوں نے عمران خان کے دو ناقابل ضمانت وارنٹس گرفتاری جاری کئے ہیں جس پر اسلام آباد پولیس کی ٹیم گرفتاری کیلئے لاہور پہنچ چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کی ٹیم جب لاہور پہنچی تو عمران خان زمان پارک سے داتا دربار تک ریلی لے کر نکلے ہوئے تھے لیکن داتا دربار پہنچنے سے قبل ہی بلٹ پروف گاڑی سے مختصر خطاب کر کے واپس چلے گئے۔
عمران خان ریلی کی ریلی کے دوران اسلام آباد پولیس، لاہور پولیس کے ساتھ حکمت عملی طے کرنے کیلئے اجلاس کر رہی تھی جو کئی گھنٹے جاری رہنے کے بعد ختم ہو گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد سے آنے والی پولیس ٹیم کی مکمل معاونت کی جائے گی اور اسلام آباد پولیس ٹیم کو عمران خان کی رہائش گاہ تک رسائی دینے میں تعاون فراہم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس عمران خان کے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کیلئے آئندہ 24 گھنٹوں میں زمان پارک جائے گی اور اس سے قبل عمران خان کے چیف سکیورٹی افسر سے بھی رابطہ کرے گی۔