توشہ خانہ سے کم قیمت پر اشیاءخریدنا شرعی اعتبار سے جائز نہیں: جامعہ نعیمیہ کا فتویٰ

توشہ خانہ سے کم قیمت پر اشیاءخریدنا شرعی اعتبار سے جائز نہیں: جامعہ نعیمیہ کا فتویٰ

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کی جامعہ نعیمیہ نے توشہ خانہ قانون کو غیرشرعی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی عہدے پر فائز شخص کو ملا تحفہ ملکیت میں رکھنے پر رسول اللہ ﷺ نے تنبیہ فرمائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی جامعہ نعیمیہ کے ڈاکٹر راغب نعیمی، مفتی عمران حنفی، مفتی ندیم قمر، مفتی عارف حسین نے اس ضمن میں جاری کئے گئے فتوے میں کہا ہے کہ توشہ خانہ سے کم قیمت پر اشیا خریدنا شرعی لحاظ سے جائز نہیں، حکومتی عہدے پر فائز شخص کو ملا تحفہ ملکیت میں رکھنے پر رسول اللہ ﷺ نے تنبیہ فرمائی ہے۔
فتوے کے متن کے مطابق توشہ خانہ کے تحائف ملک وقوم کی امانت ہیں، تحائف کو عوامی فلاح وبہبود پر ہی خرچ ہونا چاہیے، احادیث مبارکہ کے مطابق حکومتی عہدیداروں کو ملے تحائف ریاستی خزانے میں جمع ہوں گے، توشہ خانہ اشیا کو کم قیمت پر لینا شرعی لحاظ سے امانت میں خیانت کے مترادف ہے۔
جامعہ نعیمیہ کے علماءنے توشہ خانہ کے حوالے سے جاری کئے گئے فتوے میں چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ توشہ خانہ مروجہ قانون تبدیل کرنے میں کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کا 2002 سے 2023 کا ریکارڈ پبلک کیا ہے جس کے مطابق تحائف وصول کرنے والوں میں سابق صدور، سابق وزرائے اعظم، وزرا اور سرکاری افسران کے نام شامل ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں