حافظ آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انشاءاللہ جب ہمارے پانچ سال پورے ہوں گے تو پورے پنجاب سے وعدہ ہے اتنے ترقیاتی کام ہوئے ہوں گے جو 70 سال میں نہیں ہوئے ہوں گے۔ نوجوانوں کی تربیت کے لیے رحمۃ اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم اتھارٹی قائم کی ہے۔
حافظ آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ جب برائی اور اچھائی کی لڑائی ہو تو کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ کسی کے ساتھ نہیں ہے۔ 25 سال سے قوم میں تبلیغ کر رہا ہوں کہ عظیم قوم بننے کے لیے اچھائی کا ساتھ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کرپٹ لوگ اکٹھے ہوگئے ہیں ریاست گرانے کے لیے۔ لوگوں کا ضمیر خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ان کے خلاف عدلیہ ، الیکشن کمیشن اور قوم کو کھڑا ہونا ہوگا۔ قوم کھڑی نہیں ہوگی تو کرپشن بڑھے گی۔
عمران خان نے کہا کہ سیاست میں آلو اور ٹماٹر کی قیمتیں ٹھیک کرنے کے لیے نہیں آیا بلکہ قوم کا کردار بدلنے کے لیے آیا تھا۔