سمارٹ لاک ڈائون کیلئے ہوجائیں تیار ،لاہو کے کتنے علاقے بند ہونے جا رہے ہیں؟

10:40 PM, 13 Mar, 2021

لاہور:حکومتی ترجمان ہیلتھ کیئر کے مطابق عالمی وبا کی تیسری لہر میں بڑھتے کیسز کی وجہ سے لاہور،راولپنڈی اور گجرات  میں آج رات سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔

نوٹفکیشن کے مطابق لاہور،راولپنڈی اور گجرات  میں آج رات سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہوگا،ترجمان ہیلتھ کیئر کے مطابق گجرات کے 17،لاہور کے 16،راولپنڈی کے4 علاقوں میں لاک ڈاؤن کا نفاذ ہوگا،لاک ڈاؤن والےعلاقوں میں  شاپنگ مالز،ریسٹورنٹ،سرکاری و نجی دفاتربند رہیں گے۔

ترجمان ہیلتھ محمد عثمان نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا لاک ڈاؤن والےعلاقوں میں جنرل اسٹورز،آٹاچکیاں صبح 9سے شام 7 بجے تک کھلیں گی،لاک ڈاؤن والےعلاقوں میں فروٹ،سبزی،تندور،پٹرول پمپس صبح9 سے شام 7بجےتک کھلیں گے،محمد عثمان کا کہنا تھا دودھ،گوشت،مچھلی شاپس اوربیکریاں صبح 7سے شام 7بجےتک کھلی رہیں گی۔

سمارٹ لاک ڈائون کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے ترجمان ہیلتھ کیئر محمد عثمان نے کہا میڈیکل اسٹور،لیبارٹریاں، اسپتال اور کلینکس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، انتہائی ضرورت کے پیش نظرایک فرد ایک سواری استعمال کرسکے گا،ہرقسم کے اجتماعات پر پابندی ہوگی۔

واضح رہے اس سے قبل  آل پاکستان انجمن تاجران نے پنجاب میں شام 6 بجے کاروبار بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا۔

آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے تاجر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے حکومت خود سنجیدہ نہیں اور فیصلے ہر تاجروں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا ۔

نعیم میر کا کہنا تھا کہ حکومت کے 11 مارچ کے نوٹیفکیشن میں کاروبار بند کرنے کا وقت رات 10 بجے درج تھا اور 13 مارچ کو نیا نوٹیفکیشن نکال دیا گیا  اور کاروبار کے اوقات شام 6 بجے کر دیے گئے ۔

ان کا کہنا تھا کہ نوٹیفکیشن میں ہفتہ اور اتوار کو کاروبار بند رکھنے کا حکم بھی شامل نہیں اور شام 6 بجے کاروبار بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ شادی ہال، اسکول اور ڈائننگ بند کرنے کا فیصلہ منصفانہ نہیں اور حکومت تاجروں کا کندھا استعمال کر کے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔

سیکرٹری جنرل آل پاکستان انجمن تاجران کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا کو ڈھال بنا کر اپنی سیاسی مخالف تحریک کُچلنا چاہتی ہے اور یہ کونسا کورونا ہے جو صرف پنجاب پر حملہ آور ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کی نئی لہر کے بعد پنجاب میں نافذ پابندیوں اور کاروباری سرگرمیوں کے اوقات میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔محکمہ صحت کے مطابق نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہوگا اور 29 مارچ تک نافذ العمل رہےگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں کاروباری مراکز شام 6 بجے بند جب کہ ہفتہ اور اتوار کو کام کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔ صوبے کے تمام سرکاری و نجی دفاتر 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کام کی پالیسی پر کاربند ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات اور فیصل آباد کے تمام انڈور، آؤٹ ڈور میرج ہالز 15 مارچ سے بند ہوں گے جب کہ کمیونٹی سینٹرز اور مارکیز بھی 15 مارچ سے مکمل طور پر بھی بند کر دیے جائیں گے۔

مزیدخبریں