وزیراعظم عمران خان نے سول ڈرون اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی

09:54 PM, 13 Mar, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم نے سول ڈرون اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی . اتھارٹی کے پاس لائسنس کے اجراء،  ڈرونز کی درآمد اور ملک میں پیداوار کی اجازت دینے کے اختیارات ہوں گے، سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن اتھارٹی کے سربراہ ہوں گے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی سے وسائل کے مؤثر استعمال اور سروس ڈیلیوری کی بہتری میں مدد ملے گی۔ اتھارٹی ڈرون ٹیکنالوجی کے فروغ اور ملک میں اس کی پیداوار میں بھی اہم کرداراداکرے گی ۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے قانون سازی کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور کابینہ کی منظوری کے بعد بل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے۔

سول ڈرون اتھارٹی کے قیام کا مقصد ملک میں ڈرون ٹیکنالوجی کا فروغ ، ڈویلپمنٹ اور اس اہم شعبے کو ریگولیٹ کرنا ہے۔ اتھارٹی ڈرونز کی مینوفیکچرنگ، آپریشنز، ٹریننگ اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ذمہ داریاں سر انجام دے گی۔

اتھارٹی کو جرمانے ، سزا، لائسنس کی تنسیخ اور قانونی چارہ جوئی کے اختیار بھی حاصل ہوں گے۔

اتھارٹی میں ائیر فورس، سول ایوی ایشن، دفاعی پیداوار، داخلہ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے افسران، تمام وفاقی اکائیوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندے اور دیگر شعبے کے 3 ماہرین شامل ہوں گے۔

مزیدخبریں