بلاول بھٹو نے لیگی سینیٹرز کی جانب سے ووٹ نہ دینے کے تاثر کو مسترد کر دیا

05:33 PM, 13 Mar, 2021

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرز کی جانب سے اپوزیشن کے امیدواروں کو ووٹ نہ دینے کے تاثر کو مسترد کر دیا۔

صحافیوں کی طرف سے چیئرمین پیپلز پارٹی سے پوچھا گیا تھا کہ اس طرح کی اطلاعات ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرز نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے امیدواروں کے لیے ووٹ نہیں دیا تو اس پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سب نے وفا کی۔ مجھے اور ہم سب کو پتا ہے کہ ہم پی ڈی ایم کے متحد ہونے کی وجہ سے سینیٹ کی نشستیں جیتیں اور مزید یہ کہ ہم اسی لیے اتنے ووٹ حاصل کر سکے کہ سب نے وفا کی اور سب نے ساتھ دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سینیٹ انتخابات میں جو داغ لگا تھا اپوزیشن کے سینیٹر نے وہ داغ حالیہ انتخابات میں اپنے کردار سے دھو دیا۔

خیال رہے کہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حکومتی امیدواروں نے اپوزیشن امیدواروں کو شکست دی۔ 

حکومت کے نامزد کردہ صادق سنجرانی ایک بار پھر چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے جبکہ اپوزیشن امیدوار یوسف رضا گیلانی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں مرزا محمد آفریدی نے کامیابی حاصل کی جبکہ مولانا عبدالغفور حیدری کو شکست ہوئی۔

صادق سنجرانی کو 48 اور یوسف رضا گیلانی کو 42 ووٹ ملے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ الیکشن کے دوران 98 ووٹوں میں سے کوئی بھی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔ فاتح امیدوار محمد مرزا آفریدی نے 54 ووٹ حاصل کیے اور مولانا عبدالغفور حیدری نے 44 ووٹ حاصل کیے۔

مزیدخبریں