معذور بچوں کو قتل کرنے والے سنگدل باپ کو 212 سال قید

10:30 AM, 13 Mar, 2021

کیلی فورنیا : امریکی ریاست کیلی فورنیا میں بیمے کی رقم کے لیے اپنے دو ذہنی معذور بیٹوں کو قتل کرنے والے مصری پاب کو دو سو سال سے زائد کی قید کی سزا سنا دی گئی۔ مجرم نے آٹزم کے شکار دونوں بیٹوں کو سمندر میں ڈبو کر مار دیا تھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق عدالت نے جس 45 سالہ ملزم کو مجرم قرار دے کر دو سو سال سے زیادہ کی سزائے قید سنائی، اس کی عمر 45 برس اور نام علی المیزائن ہے۔ المیزائن امریکا میں مقیم ہے لیکن وہ ایک مصری شہری ہے۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق علی المیزائن نے اپنی سابق بیوی اور دو بیٹوں کو گاڑی میں سوار کرا کر نو اپریل 2015ء کے روز یہ گاڑی لاس اینجلس سے جنوب کی طرف سان پیدرو کے مقام پر ایک ساحلی سڑک پر ڈرائیونگ کے دوران دانستہ سمندر میں گرا دی تھی۔

ملزم خود گاڑی میں سے نکل گیا تھا اور اس نے تیر کر اپنی جان بچا لی تھی۔ اس کی سابق بیوی کی جان اس لیے بچ گئی تھی کہ ایک مقامی شخص نے اس خاندان کی گاڑی پانی میں گری ہوئی دیکھنے کے بعد اس خاتون کی طرف ایک لائف سیونگ ٹیوب پھینکی تھی، جس کی مدد سے اس کی جان بھی بچ گئی تھی۔

اس واقعے میں علی المیزائن کے ذہنی طور پر معذور دو بیٹے، جن کی عمریں آٹھ اور تیرہ برس تھیں، گاڑی کے ساتھ ہی پانی میں ڈوب گئے تھے۔ اپنے دونوں لڑکوں کی موت کے بعد علی المیزائن نے ایک انشورنس کمپنی سے ان کے ناموں سے کرائی گئی دو پالیسیوں کی وجہ سے دو لاکھ ساٹھ ہزار ڈالر وصول کیے تھے۔

اس مصری شہری نے اپنے بیٹوں کی موت کے بعد ملنے والی انشورنس کی رقوم میں سے زیادہ تر مصر منتقل کر دی تھیں۔ جب اسے گرفتار کیا گیا تھا تو اس کے ایک امریکی بینک اکاؤنٹ میں 80 ہزار ڈالر موجود تھے، جو ضبط کر لیے گئے تھے۔

یو ایس ڈسٹرکٹ جج جان والٹر نے ملزم کو 212 برس کی سزائے قید کا حکم سناتے ہوئے کہا کہ اس کے انتہائی سنگ دلانہ اقدامات قابل مذمت ہیں، جو اس امر کا ثبوت ہیں کہ اس کا جرم سخت ترین سزا کا متقاضی ہے۔

مزیدخبریں