کورونا سے بڑھ کر ملکی معیشت کی زبوں حالی قومی سلامتی کے لئے خطرات بڑھا رہی ہے،شہباز شریف

01:06 PM, 13 Mar, 2020

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ کورونا سے بڑھ کر ملکی معیشت کی زبوں حالی قومی سلامتی کے لئے خطرات بڑھا رہی ہے.

کورونا کے لئے قومی حکمت عملی کی تیاری میں بہت تاخیر کی گئی،کورونا ایک علامت ہے، عالمی سطح پر بڑھتے معاشی خطرات کو مدنظر رکھ مجموعی قومی پالیسی درکار ہے ،حکومت کی آئی ایم ایف سے حماقت پر مبنی ڈیل کورونا کی صورتحال میں ہماری مشکل مزید بڑھائے گی،پاکستان کی سٹاک ایکسچینج اب تک 10 فیصد پہلے ہی گر چکی ہے، آنکھیں نہ کھولیں توناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہاکہ کورونا اور عالمی سطح پر معاشی مضرات میں حکومت نے وہی غلطی کی جو ڈالر اور روپے کی قدر سے متعلق کی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ 12 دن میں 60 کروڑ ڈالر کی رقم کا ملک سے نکل جانا ہمارے خدشات کی تصدیق ہے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر 9 ٹریلین ڈالر ڈوبنے کے اثرات کا پاکستان کے تناظر میں گہرا تجزیہ اور سنجیدہ حکمت عملی درکار ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی آئی ایم ایف سے حماقت پر مبنی ڈیل کورونا کی صورتحال میں ہماری مشکل مزید بڑھائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سٹاک ایکسچینج اب تک 10 فیصد پہلے ہی گر چکی ہے، آنکھیں نہ کھولیں توناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ دنیا کورونا اور معیشت کی بدحالی سے لڑ رہی ہے، ہماری حکومت میڈیا اور اپوزیشن سے لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’ہاٹ منی‘ کی حماقت پر چیخنے چلانے پر حکومت کی ضد، ہٹ دھرمی اور تکبر غالب رہا، آج قوم نقصان اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پانچ منٹ میں کے ایس ای 30انڈیکس کا 4 فیصد گرنا خطرناک علامت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کورونا پر وزیراعلی سندھ اور دیگر لوگ توجہ دلاتے رہے، عمران نیازی کی آنکھ نہ کھلی۔ انہوں نے کہاکہ صورتحال مزید بگڑنے پر اب ہاتھ پاوں مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پھر خبردار کررہا ہوں کہ باتوں سے معیشت چل سکتی ہے نہ کورونا سے پیدا شدہ صورتحال پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عقل کل ہونے کے خبط سے نکل کر دل اور ذہن کی کھڑکیاں کھولیں، قوم اور ملک کی صحت سے نہ کھیلیں۔

مزیدخبریں