چیئرمین نیب نے سابق ایم ڈی واسا ودیگر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی

09:56 PM, 13 Mar, 2018

کوئٹہ: نیب کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے سابق ایم ڈی واسا، سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان و دیگر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی۔

چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سابق منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارتی (واسا) حامد لطیف رانا اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ر یفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 337 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

ایگزیکٹو بورڈ نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد افضل جنجوعہ، بریگیڈئیر ریٹائرڈ افتخار مہدی، سابق سیکرٹری خزانہ حکومت بلوچستان محفوظ علی خان، میرز اللہ ھو ہولڈنگ لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز، یونائیٹڈ انشورنس کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز اور بلوچستان حکومت کے افسران اور اہلکاران اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور سرکاری فنڈز میں خردبرد کرنے کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 243.640 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، جس کو اکھاڑنا انتہائی ضروری ہے۔ نیب کے افسران بدعنوانی کے خاتمے کو نہ صرف اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہیں بلکہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کرپشن فری پاکستان کے لیے بھر پور کاوشیں کررہے ہیں۔

مزیدخبریں