اسلام آباد:شہباز شریف کو بلا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہو گیا ہے اور شہباز شریف کے مقابلے میں کسی امیدوار نے صدارت کے لئے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔شہباز شریف کو صدر منتخب کرنے کا مرحلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کے اجلا س میں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:شہباز شریف نواز لیگ کے قائم مقام صدر مقرر
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں ماڈل ٹاؤن لاہور میں نوازلیگ کی سی ای سی کا اجلاس ہوا تھا جس میں نواز شریف کی تجویز پر مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے شہبازشریف کو پارٹی کا قائم مقام صدر بنانے کی منظوری دی تھی جبکہ نواز شریف کو تاحیات قائد بنادیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:ن لیگ کی خاتون سینیٹر کا پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کا اعتراف
واضح رہے کہ پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہاتھ دھونا پڑا تاہم سپریم کورٹ نے 21 فروری انتخابی اصلاحات 2017 کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو پارٹی صدارت کے لئے نااہل قرار دیا اور قرار دیا کہ آئین کی دفعہ 62، 63 پر پورا نہ اترنے والا نااہل شخص کسی سیاسی جماعت کی صدارت نہیں کر سکتا۔