ملک تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے، پرویز مشرف

09:16 PM, 13 Mar, 2017

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین سید پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ملک تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے،ہم غیر موثرخارجہ پالیسی کی بدولت دنیا میں تنہائی کے شکار ہوتے جارہے ہیں،امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب جبکہ عوام کسمپرسی کی زندگی گزاررہے ہیں۔حکمران عوام کو بھول کر اپنی دولت کے تحفظ میں مصروف ہیں۔ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کے لئے ہم خیال لوگوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد سے ٹیلی فونک گفتگو میں کیا۔انہوں نے حکومتی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے انداز حکمرانی سے کہیں بھی ایسا نہیں لگ رہا کہ یہ لوگ ملک و قوم کے ساتھ مخلص ہیں۔ان کی غلط اور سطحی پالیسیوں کی بدولت آج ہم نہ صرف بین الاقوامی دنیا میں تنہا ہوتے جارہے ہیں بلکہ اہم دوست ممالک سے بھی ہمارے تعلقات سرد ہوتے جا رہے ہیں۔جبکہ دوسری طرف بھارت اپنی زبردست خارجہ پالیسی کی وجہ سے ہمارے ہی دوست ممالک کو اپنے قریب لارہا ہے۔ ملک میں بدامنی،بے روزگاری،غربت اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی عروج پر ہے مگر حکمران ان سارے معاملات سے بے خبر اپنی کرپشن سے کمائی ہوئی دولت بچانے میں لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو بچانے اور ترقی و خوشحالی کی راہ پر چلانے کے لئے اس وقت سب سے بڑی ضرورت اس بات کی ہے کہ محب وطن ہم خیال لوگ مل کر وطن عزیز کے لئے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن اسی طرح سے بکھری رہی تو ملک کی تقدیر نہیں بدلے گی اور مستقبل میں حالات مزید خراب ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام محب وطن لوگ اور سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوجائیں اور عوام کی خوشحالی اور ملکی ترقی کے لئے مل کر جدوجہد کریں تا کہ آنے والی نسلوں کو پرامن،خوشحال اور مستحکم پاکستان منتقل کیاجاسکے۔

مزیدخبریں