ارون جیٹلی بھارت کے نئے وزیر دفاع بن گئے

ارون جیٹلی بھارت کے نئے وزیر دفاع بن گئے

نئی دہلی: منوہر پاریکر کے بھارتی وزیر دفاع کے عہدے سے استعفے کے بعد وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو وزیر دفاع کا اضافی چارج دے دیا گیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ  کے مطابق منوہر پاریکر نے ریاست گووا کے وزیر اعلی کا حلف اٹھانے سے قبل وزارت سے استعفی دیا۔

بھارت کے ایوان صدر راشٹراپتی بھون کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ منوہر پاریکر کا بطور وزیر دفاع استعفی، وزیر اعظم نریندر مودی کی ایڈوائس پر قبول کرلیا گیا ہے جس کا فوری اطلاق ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر اعظم کی ہی ایڈوائس پر صدر پرناب مکھرجی نے کابینہ کے وزیر ارون جیٹلی کو ان کی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ وزیر دفاع کا اضافی چارج دینے کی ہدایت بھی کردی ہے۔منوہر پاریکر نے اپنا استعفی بھارتیہ جنتا پارٹی  کے گووا میں اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کے دعوے کے بعد دیا تھا۔وہ 14 مارچ 2017 کو گووا کے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔یہ دوسرا موقع ہے جب ارون جیٹلی کو نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے دور حکومت میں وزیر دفاع کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔قبل ازیں انہوں نے 26 مئی 2014 سے 9 نومبر 2014 تک بھارتی وزیر دفاع کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں.