لندن: برطانیہ کی واروک یونیورسٹی میں کمپیوٹر سائنس کے ماہرین نے ایسا الگورتھم ایجاد کیا ہے جو سوشل میڈیا پر کی جانے والی پوسٹوں کو دیکھتے ہوئے کسی ممکنہ طوفان یا سیلاب کی آمد سے قبل از وقت ہی خبردار کرسکتا ہے۔
پبلک لائبریری آف سائنس ون نامی آن لائن ریسرچ جرنل میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق یہ الگورتھم حالیہ برسوں میں بدلتے ہوئے برطانوی موسم اور اچانک شروع ہوجانے والی دھواں دار بارشوں اور سیلابوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عام لوگوں کو وقت سے پہلے خبردار کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کوئی طوفان یا سیلاب بالکل اچانک ہی نہیں آتا بلکہ پہلے اس کے کچھ ظاہری آثار نمودار ہوتے ہیں جنہیں عام لوگ فوری محسوس کرلیتے ہیں البتہ دلچسپی کی بات یہ ہے کہ انسانی ردعمل میں اس حوالے سے کچھ مخصوص الفاظ کا استعمال زیادہ کیا جاتا ہے جو موسم کی شدت میں اضافے اور سیلاب یا طوفان آنے سے پہلے کی علامات کو ظاہر کرتے ہیں۔ اگر کوئی شخص سوشل میڈیا سے منسلک ہو تو یہی الفاظ اس کی اسٹیٹس اپ ڈیٹس وغیرہ میں بھی ہوتے ہیں۔
برطانوی ماہرین کا وضع کردہ الگورتھم بھی سوشل میڈیا پر ان ہی الفاظ کو تلاش کرتا ہے اور انٹرنیٹ صارفین کے مقام کو ان الفاظ کے استعمال میں اضافے سے مربوط کرکے ازخود یہ نتیجہ اخذ کرتا ہے کہ فلاں علاقے میں سیلاب یا طوفان آنے سے پہلے کے حالات نمودار ہوچکے ہیں۔
پیش گوئی کے لیے وہ متعلقہ مقام کے لیے محکمہ موسمیات کی جاری کردہ موسمیاتی معلومات سے بھی مدد لیتا ہے جو آج کل تقریبا ہر 10 منٹ کے وقفے سے اپ ڈیٹ کی جاتی رہتی ہیں۔