ہیٹی : ڈرائیور نے ہجوم پر بس چڑھادی،38افراد ہلاک

ہیٹی : ڈرائیور نے ہجوم پر بس چڑھادی،38افراد ہلاک

 ہیٹی میں ایک ڈرائیور نے مسافر بس راہ گیروں پر چڑھا دی ، جس کے نتیجے میں 38 افراد ہلاک اور 15 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ ہیٹی کے شہر گونائیوس میں پیش آیا جو دارالحکومت پورٹو پرنس سے 150 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے ۔

خبر ایجنسی کے مطابق ایک تیز رفتار مسافر بس نے پہلے دو راہ گیروں کو ٹکر ماری ۔ جس کے بعد ڈرائیور نے بس کے ہمراہ موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس دوران بس سڑک کنارے فن کا مظاہرہ کرنے والے میوزیکل بینڈ کے ارکان پر چڑھ دوڑی ، جس کے نتیجے میں مزید 37 افراد ہلاک ہوگئے ۔

یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ حادثہ تھا یا پھر ڈرائیور نے جان بوجھ کر راہ گیروں کو نشانہ بنایا.حکام کا کہناہے کہ وہ اس ضمن میں تحقیقات کر رہے ہیں اور جلد ہی ڈرائیور  کے بارے میں تمام معلومات حاصل کر لی جائیں گی ۔