ٹی 20 ورلڈ کپ :ویسٹ انڈیز   نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے شکست دے کر  سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گئی

10:53 AM, 13 Jun, 2024

نیوویب ڈیسک

اروبا: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے  نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے شکست دے کر  سپر ایٹ مرحلے میں اپنی جگہ بنا لی۔

 
گروپ سی کی دونوں ٹیموں کے درمیان ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا سٹیڈیم میں میچ کھیلا گیا جس میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 149 رنز سکور کیے اور نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کیلئے 150 رنز کا ہدف دیا۔

ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کی دعوت پر بیٹنگ کا آغاز کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا،  تاہم چھٹے نمبر پر آنے والے شرفین رتھرفورڈ نے 30 کے مجموعی سکور پر کریز سنبھالی اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور 149 تک پہنچا دیا، انہوں نے 39 بالز پر 68 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 16 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ٹم ساؤتھی اور لوکی فرگوسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جمی نیشم اور مچل سینٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ویسٹ انڈیز کے 150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز ہی بنا سکی، وکٹ کیپر بیٹر گلین فلپس 33 گیندوں پر 40 رنز بناکر نمایاں رہے، فن ایلن نے 26 جبکہ مچیل سینٹنر نے 21 رنز سکور کیے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف نے 4 اوورز میں 19 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، گڈاکیش موتی نے چار اوورز میں 25 رنز دیئے اور 3 کھلاڑی پویلین لوٹائے جبکہ عقیل حسین نے 21 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسری جانب ایونٹ میں نیوزی لینڈ کا یہ دوسرا میچ ہے، پہلے میچ میں اسے افغانستان کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست  ہوئی تھی۔میچ سے قبل گروپ سی کے پوائنٹس ٹیبل پر افغانستان 2 میچز میں 2 فتوحات کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ ویسٹ انڈیز  بھی 2 میچز میں 2 فتوحات کے  ساتھ رن ریٹ کی بنیاد پر دوسرے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ نے گروپ میں ایک میچ کھیلا ہے جس میں اسے شکست ہوئی اور پوائنٹس ٹیبل پر اس کا آخری نمبر ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور نیدر لینڈآج ٹکرائیں گے ۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام  ساڑھے7بجے شروع ہوگا. 

مزیدخبریں