بپر جوائے کے باوجود گرمی برقرار رہے گی، سمندری طوفان کے آثار کل کراچی میں نظرآنا شروع ہوں گے

12:51 PM, 13 Jun, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی : ڈپٹی چیف میٹرولوجسٹ انجم نذیر ضیغم نے کہا کہ سمندری طوفان بپر جوائے نے گزشتہ 12 گھنٹے کے دوران شمال، شمال مغرب کی سمت میں سفر کیا ہے اس وقت یہ کراچی سے 460 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے، کل (14 جون) صبح یہ طوفان اپنا رخ تبدیل کرے گا اور شمال مشرق کی جانب حرکت شروع کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس طوفان کے اثرات آج کچھ حد تک اور کل سے کراچی اور سندھ کی ساحلی پٹی پر نظر آنا شروع ہوجائیں گے ۔ کراچی میں آج شمال مشرق، مشرق کی سمت ہوائیں چل رہی ہیں جن کی رفتار 15 سے 20 کلومیٹر اور کبھی کبھی 25 کلومیٹر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شمال شمال مشرق سے یہ گرم ہوائیں راجستھان سے آرہی ہیں اس لیے گرمی کا اثر برقرار رہے گا لیکن کل کی نسبت آج درجہ حرارت میں ایک سے ڈیڑھ ڈگری کمی آئے گی ۔ یہ طوفان 15 جون کی دوپہر شام کو کیٹی بندر کے مشرق اور بھارتی گجرات کے علاقے کچھ سے ٹکرائے گا۔

انہوں نے کہا کہ طوفان کی وجہ سے کراچی میں آج بھی ہوائیں چلیں گی ۔ چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے ۔ کل سے 16 جون یا 17 جون تک کراچی میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جن کی رفتار 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔

مزیدخبریں