امریکا اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز کی ترک زلزلہ متاثرین کیلئے ساڑھے 3 لاکھ ڈالر امداد

12:38 PM, 13 Jun, 2023

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن: شمالی امریکہ کے پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی انجمن (اے پی پی این اے) نے ترکیہ زلزلہ سے متاثرہ افراد کی بحالی اور مکانات کی تعمیر کے لیے 350,000 ڈالر عطیہ کر دیے۔

 سفارت خانہ پاکستان کی طرف سے جاری کردہ  پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ شمالی امریکہ کے پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی انجمن(Association of Physicians of Pakistani Descent of North America ) نےترکیہ کو زلزلہ سے متاثرہ افراد کی بحالی اور مکانات کی تعمیر کے لیے عطیات دیے۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کے ہمراہ اے پی پی این اے کے وفد نے واشنگٹن ڈی سی میں ترکیہ کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔ اے پی پی این اے کے خزانچی ڈاکٹر طیب رانا نے پاکستانی ڈاکٹروں کی جانب سے دیے گئے تعاون کو ترکیہ کے سفیر حسن مرات مرکن کو پیش کیا۔اے پی پی این اے کے صدر ڈاکٹر ارشد ریحان کی سربراہی میں وفد میں ڈاکٹر رشید پراچہ، ڈاکٹر عتیق صمدانی، ڈاکٹر طیب رانا، ڈاکٹر راشد حنیف، اور ڈاکٹر عرفان سلیمان شامل تھے۔

سفیر مسعود خان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب فروری میں ترکیہ میں زلزلہ آیا تو اس نے پاکستان کو بھی متاثر کیا کیونکہ ترکیہ ہمارا دوسرا گھر اور غیر ملکی مادر وطن ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ اے پی پی این اے، 3,500 ارکان پر مشتمل ایک ادارے جو امریکہ کے ساتھ ساتھ کینیڈا میں خدمات انجام دینے والے تقریباً 20,000 ڈاکٹروں کی نمائندگی کرتا ہے نے ترکیہ میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے درد کو محسوس کیا اور ایک گھنٹے میں 350,000 ڈالر جمع کرنے میں کامیاب ہوئے۔

 ترکیہ کے سفیر مرکن نے سفیر مسعود خان اور اے پی پی این اے کی قیادت کے جذبات اور فراخدلی سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔  پاکستانی کمیونٹی اور خاص طور پر اے پی پی این اے جیسی تنظیموں کے تعاون کو سرہاتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے پاکستان کے عوام کی ترکی اور اس کے عوام سے وابستگی واضح طور پر ظاہر ہوتی ہے۔

 سینئر رکن اور سابق صدر اے پی پی این اے ڈاکٹر رشید پراچہ نے  کہا کہ ہمارے لوگوں کے درمیان رشتے برسوں سے ہیں اور یہ ہمیشہ قائم رہیں گےجبکہ اے پی این اے کے صدر ڈاکٹرارشد ریحان نے بھی دونوں ممالک کے عوام کے درمیان موجود مضبوط رشتوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کو اس وقت شدید دکھ ہوا جب ترکی میں زلزلے نے بے انتہا تباہی مچائی۔ انہوں نے کہا کہ اے پی پی این اے نے آفت زدہ لوگوں کو ہر ممکن طبی امداد کی پیشکش کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر ریحان نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور ترک سفیر کو اے پی این اے کے سمر کنونشن میں شرکت کی دعوت بھی دی جو جولائی میں ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں منعقد ہوگا۔

مزیدخبریں