اسلام آ باد:پاکستان کے وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے بتایا کہ اسلام آباد نے ماسکو کو کارگو کی ادائیگی چینی کرنسی یوآن میں کی۔ پاکستانی حکومت نے ابھی تک قیمت کا انکشاف نہیں کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے ابھی تک ادائیگی کے طریقہ کار یا اس کی قیمت کا انکشاف نہیں کیا ہے جس پر وہ ماسکو سے خام تیل حاصل کر رہی ہے۔
اس سال کے شروع میں اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت رعایتی روسی خام تیل کا پہلا کارگو اتوار کو کراچی پہنچا۔ پیر کے روز اسے شہر کراچی کی بندرگاہ پر اتارا جا رہا تھا۔
اسلام آباد میں حکومت نے اسے "آزمائشی" شپمنٹ قرار دیا ہے، اس کے ایک حصے کے طور پر، پاکستان نے روس سے 100,000 میٹرک ٹن خام تیل حاصل کر لیا ہے۔ دوسری کھیپ چند ہفتے میں متوقع ہے۔
اسلام آباد نے روسی تیل پر رکھی گئی 60 ڈالر فی بیرل کی رعایتی قیمت سے فائدہ اٹھانے کے لیے گزشتہ سال ماسکو سے خام تیل کے لیے بات چیت شروع کی تھی۔ لیکن اس معاہدے کو اپریل میں اس وقت حتمی شکل دی گئی جب پاکستان کے وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے گزشتہ سال کے آخر میں ماسکو میں ایک وفد کی قیادت کی اور مارچ میں روس کے ایک وفد نے اسلام آباد کا دورہ کیا۔
واضح رہے کہ حکومتی سطح پر یہ پہلی ادائیگی چینی کرنسی یوآن میں کی گئی ہے۔ سابق حکومت نے بھی ایک بار کہا تھا کہ وہ چینی یوآن میں تجارتی ادائیگیاں شروع کر نا چاہتے ہیں۔