لاہور: نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر کہتے ہیں کہ قاسم کے ابا کا ایک اور جھوٹ بے نقاب ہو گیا، وہ جب تک جھوٹ نہ بولیں انہیں سکون نہیں آتا۔ قاسم کے ابا کی ہمشیرہ کا باورچی عبدالرحیم موت وحیات کی کشمکش میں ہونے کا دعویٰ جھوٹا ہے۔
نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کہ آج کی پریس کانفرنس کا مقصد قاسم کے ابا کا ایک اور جھوٹ بے نقاب کرنا ہے۔
عامر میر نے کہا کہ خان نے ٹویٹ کے ذریعے الزام لگایا کہ انکے باورچی کو پکڑا گیا اور جب چھوڑا تو وہ میو اسپتال وینٹلیٹر پر ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ عبدلرحیم کو شدید بخار میں اسپتال منتقل کیا گیا، وہ سروسز اسپتال میں 18 مئی سے زیر علاج جبکہ 23 مئی سے وینٹی لیٹر پر ہے۔
نگران صوبائی وزیر پروفیسر جاوید اکرم نے عامر میر کی کہی بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عبدلرحیم شدید طبعیت خراب ہونے سے دو ہفتے سے وینٹلیٹر پر ہے۔ عبدلرحیم کے جسم پر کوئی چوٹ نہیں انکی طبیعت خرابی کی وجہ گردن توڑ بخار ہے۔
پروفیسر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ عبدلرحیم 18 مئی کو سروسز لائے گئے۔ پانچ دن کے بعد انکی طبیعت خراب ہوئی پھر انکو وینٹیلیٹر پر منتقل کر دیا گیا۔ عبدلرحیم کی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے۔
نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر کا مزید کہنا تھا کہ قاسم کے ابا نے 9 مئی کے واقعات میں بھی 25 افراد مارے جانے کا غلط دعویٰ کیا تھا، خان صاحب نے 25 شہداء کے نام پر پانچ لاکھ چونتیس ہزار ڈالر لیے۔ وہ اب بھی جھوٹ بول رہے ہیں۔