لاہور : پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس 8 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ بجٹ اجلاس کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کر رہے ہیں۔
نیو نیوز کے مطابق جیسے ہی بجٹ اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن نے سیکرٹریز، آئی جی اور چیف سیکرٹری کی عدم حاضری پر احتجاج کیا۔
راجہ بشارت نے کہا کہ گیلری میں بجٹ کے موقع پر آئی جی ،چیف سیکرٹری اور سیکرٹری کو ہونا چاہیے ۔ بیوروکریسی تو دور کی بات وزیراعلی بھی ہاؤس میں نہیں آئے۔ آئی جی اور چیف سیکرٹری کو گیلری میں بلایا جائے۔
چودھری ظہیر الدین نے ہاؤس میں عطا اللہ تارڑ کی موجودگی پر اعتراض کیا اور کہا کہ ایک اجنبی ایوان میں بیٹھا ہے ۔ اسے نکالا جائے۔
عطاتارڑ کے ایوان سے نہ جانے پر پرویز الہٰی نے اجلاس میں 10 منٹ کا وقفہ کردیا اور دھمکی دی کہ اگر تارڑ نہ گئے تو اجلاس ملتوی کردیں گے۔