اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ چار سال میں عوام مہنگائی کی زد میں رہے، ملک میں آٹا، چینی اور گھی چار سال مہنگا رہا ہے لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے ایک مہینے میں آٹا، چینی اور گھی سستا کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم کی سستا آٹا سکیم کے بعد ملک کے اندر سستا گھی سکیم شروع ہو چکی ہے اور مارکیٹ میں 550 روپے فی کلو میں فروخت ہونے والے گھی پر 250 روپے سبسڈی دے کر اسے 300 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2018ءمیں مسلم لیگ (ن) کے دور میں ایک کلو گھی کی قیمت 150 روپے تھی جبکہ پچھلے چار سال میں گھی 550 روپے سے 600 روپے کے درمیان فی کلو فروخت ہوتا رہا، 9 جون کو گھی کی مد میں سبسڈی شروع کی گئی ہے جس کا مجموعی حجم 3 ارب روپے ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2018ءمیں پاکستان میں آٹے کی قیمت 35 روپے فی کلو تھی لیکن پچھلے چار سال میں آٹے کی قیمت 35 روپے فی کلو سے بڑھ کر 90 روپے سے 100 روپے کلو تک پہنچی۔ یوٹیلٹی سٹورز سمیت پورے ملک میں آٹے کی کوالٹی پر بھی سمجھوتہ کیا گیا، آٹا سمگل ہوا، پہلے ایکسپورٹ ہوا، پھر امپورٹ ہوا، اس طرح قیمت میں اضافہ کیا گیا، چینی بھی پہلے ایکسپورٹ ہوئی پھر امپورٹ ہوئی، اور اس کی قیمت بھی بڑھی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی کی بڑھتی ہوئی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے یوٹیلٹی سٹورز پر آٹے کی قیمت 400 روپے فی 10 کلو مقرر کی اور اس کے علاوہ موبائل یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے سستا آٹا خیبر پختونخوا کے لوگوں کو بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یوٹیلٹی سٹورز میں آٹا، چینی اور دیگر اشیاءکی قیمتوں میں کمی کیلئے ایک مانیٹرنگ سسٹم قائم کیا گیا ہے اور آٹے کی کوالٹی یا قیمتوں میں فرق کیلئے کسی بھی شکایت کی صورت میں 051111123570 پر رابطہ کر کے شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ جن علاقوں میں یوٹیلٹی سٹیشنری پوائنٹس یا موبائل وینز نہیں پہنچ پا رہیں، وہاں کے لوگ ٹول فری نمبر 080005590 پر رابطہ کر کے اپنی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے چار سال میں عوام مہنگائی کی زد میں رہے، ملک میں آٹا، چینی اور گھی چار سال مہنگا رہا ہے لیکن موجودہ حکومت عوام کو سبسڈی اور ریلیف دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے صرف ایک مہینے میں آٹا، چینی اور گھی سستا کر دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک مہینے میں آٹا، چینی اور گھی سستا کر دیا: مریم اورنگزیب
01:40 PM, 13 Jun, 2022