اسلام آباد: گرمی کے ستائے عوام لوڈشیڈنگ سے بھی سخت پریشان ہیں اور ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار 662 میگاواٹ سے بڑھ کر 5 ہزار 673 میگاواٹ ہوگیا جس کے باعث بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانئے میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 22 ہزار 253 میگاواٹ ہے جبکہ طلب 27 ہزار 926 میگاواٹ ہے اوریوں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 673 میگا وانٹ ہو گیا ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ بھی ہو رہی ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق اس وقت پانی سے 5 ہزار 401 میگاواٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس سے 1 ہزار 557میگاواٹ اور نجی شعبے کے بجلی گھروں سے مجموعی طور پر 12 ہزار 186 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
اسی طرح ونڈ پاور پلانٹس سے 1ہزار 578 میگاواٹ، سولرپلانٹس سے 121 میگاواٹ، بگاس سے چلنے والے پلانٹس 177 میگاواٹ اور جوہری ایندھن سے 1ہزار 234 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے اور اسلام آباد ریجن میں بھی 4 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔