کراچی: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ وفاق کے ترقیاتی کاموں سے ناراض ہیں۔
وفاقی وزیر نے یہ بات شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرے ہوئے کہی۔ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیراسدعمر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں کہ وفاق کراچی میں ترقیاتی کام کیوں کرا رہا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ ویسے سید مراد علی شاہ درست کہتے ہیں کیوںکہ گلیوں میں کام کرانا وفاق کا کام نہیں ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت کام نہیں کرے گی تو مجبوراً وفاق کو گلیوں میں کام کرنا پڑے گا۔ کراچی کی گلیون کو دہائیوں سے نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ کراچی سندھ کا حصہ ہے اور وفاق اپنے صوبوں کو نظر انداز نہیں کرتا ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے شہر قائد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس دورے کے دوران رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان اور رکن صوبائی اسمبلی ارسلان تاج بھی تھے۔
وفاقی وزیر نے دورے کے دوران موٹر سائیکل پہ بھی سفر کیا۔ انہوں نے گلستان جوہر اور گلشن اقبال کا بھی دورہ کیا۔