مظفر آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کے ترجمان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق بلاول کو آزادکشمیر الیکشن قوانین سے متعلق ان کی جماعت نے غلط بریف کیا اور انتخابی فہرستوں کی تیاری میں حکومت آزادکشمیر یا وزیراعظم آفس کا کوئی کردار نہیں۔ الیکشن کمیشن آزادکشمیر بااختیار ادارہ ہے،آزادکشمیر کا الیکشن کمیشن کئی ماہ سے ووٹرفہرستوں کی تیاری میں مصروف ہے، حتمی ووٹرفہرستوں کی اشاعت سے قبل بارہا مجوزہ فہرستیں شائع کی جاتی ہیں۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر اور ان کے دفتر کو ملوث کرنے کی بات بلاول شاید لاعلمی میں کہہ گئے، بلاول یا ان کی جماعت کو انتخابی فہرستوں پر اعتراضات ہیں تو اس کا قانونی طریقہ کار موجود ہے۔
اس سے قبل مردان میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول نے وفاقی حکومت پر الزام لگایا اور کہا کہ پی ٹی آئی انتخابی فہرستوں میں ہیرپھیر کررہی ہے لیکن اس بار دھاندلی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے پیش گوئی کی کہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔ وفاقی حکومت آزاد کشمیر الیکشن پر اثر انداز ہونا چاہتی ہے اور حکومت نےآزاد کشمیر کی الیکٹورل لسٹ میں گڑ بڑ کی ہے۔