لاہور: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ جو وائبریشن پر لگے ہوئے تھے وہ اب سائلنٹ موڈ پر ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ کل احسن اقبال نے اپنی پریس کانفرنس میں سچ بول دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صحیح کہا کہ لندن میں بیٹھا نواز شریف کیا جانے پاکستان کی سیاست۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف لندن میں مفرور بن کر بیٹھے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے کہا کہ احسن اقبال کا اوورسیز سے متعلق بیان قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کے مسائل کا ادراک ہے لیکن ن لیگ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دینا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال اوورسیز پاکستانیوں سے دشمنی نہ کریں۔
شہبازگل نے واضح طور پر کہا کہ ہم الیکشن جیتیں یا ہاریں، انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر نہیں جانا چاہتے کیونکہ یہ دھاندلی کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے اسحاق ڈار کو سب سے بڑا فراڈیا بھی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گلوبٹ اب ن لیگ کو الیکشن نہیں جتوائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ گلوبٹوں کے ذریعے الیکشن جیتتی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس اور دیگر اخراجات میں 52 کروڑ روپے کی بچت کی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے گھر میں رہتے ہیں اور اپنے اخراجات خود اٹھاتے ہیں۔
شہبازگل نے کہا کہ آصف زرداری کے 2 کیمپ آفسز تھے جب کہ یوسف رضا گیلانی کے 5 کیمپ آفسز تھے۔ ان پر 570 ملین روپے کا خرچہ تھا جب کہ نواز شریف کے کیمپ آفس رائے ونڈ کا خرچہ 4.3 ارب روپے تھا جبکہ وزیراعظم عمران خان کا کوئی کیمپ آفس نہیں ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہبازگل نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم آفس کے اخراجات میں 108 کروڑ روپے کی بچت کی جس سے پرائمری اسکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ وزیر اعظم ایک، ایک پیسے کا حساب لیتے ہیں۔