بیجنگ: چین نے جی سیون کو متنبہ کیا ہے کہ وہ دن ختم ہو چکے ہیں جب ’چھوٹے‘ ممالک کے گروپ دنیا کی قسمت کا فیصلہ کرتے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے اپنے اس بیان کے ذریعے ان سات امیر ترین ممالک کو نشانہ بنایا جنہوں نے اس کا مقابلہ کرنے کیلئے اکٹھے کام کرنے کی کوشش کی ہے۔
یہ اہم بیان برطانیہ میں قائم چینی سفارتخانے کے ترجمان کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں دنیا کے فیصلے چھوٹے چھوٹے ممالک کا ایک گروہ کرتا تھا لیکن وہ دن اب گزر چکے ہیں۔
چینی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہمیشہ سے یقین رہا ہے کہ تمام ملک چاہے وہ چھوٹے ہیں یا بڑے، کمزور ہوں یا طاقتور، امیر ہوں یا غریب، تمام معاملات کو سب کی مشاورت سے چلایا جانا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چھوٹے ممالک کے وضع کردہ نام نہاد اصول نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے اصولوں پر مبنی بین الاقوامی آرڈر واحد جائز عالمی نظام ہے۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ جی 7 ممالک کے رہنما ان دنون برطانیہ میں موجود ہیں جو چین کے معاشی عروج کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل کی تلاش میں ہیں۔
جی سیون ترقی پذیر ملکوں کو ایک انفراسٹرکچر سکیم پیش کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جو صدر شی جن پنگ کے اربوں ڈالر کے روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے کا مقابلہ کر سکتی ہے۔