لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے موسم گرما کے دوران اندرون ملک مصروف ترین روٹس کے کرایوں میں 40 فیصد تک کمی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے ملک کے سب سے بڑی شہر کراچی سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے یکطرفہ سفر کا کرایہ 6 ہزار 950 روپے مقرر کر دیا ہے
دوسری جانب کورونا وائرس کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایت پر بیرون ملک سے آنے والی پروازوں میں سے 80فیصد پروازوں کی منسوخی میں توسیع کردی جبکہ بیرون ملک سے آنے والی شیڈول پروازوں میں سے20 فیصد پروازوں کو پاکستان کیلئے آپریٹ کیا جائے گا اور اس سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان کے ہوائی اڈوں پر یومیہ صرف 35 جہازوں کو لینڈ کرنے کی اجازت ہوگی جن کے ذریعے یومیہ 6 ہزار مسافر بیرون ملک سے پاکستان آسکیں گے اور اس کے علاوہ کیٹیگری سی والے ممالک کے ترمیم شدہ فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق بھارت سمیت 26 ممالک پر سفری پابندی پرقرار رکھی گئی ہے۔
کیٹیگری سی والے ممالک میں بھارت، ایران، عراق، جنوبی افریقہ، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، برازیل، بھوٹان، سری لنکا، فلپائن، یوراگوئے، مالدیپ، میکسیکو، کولمبیا، چلی سمیت دیگر ملک شامل ہیں جن پر سفری پابندیاں برقرار رکھی گئی ہیں۔