لاہور: کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے ریلیف ملنے کے باوجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کا بحالی پروگرام تاحال شروع نہیں ہو سکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمر اکمل متعدد باربحالی پروگرام کے آغاز کیلئے بورڈ حکام سے رابطے کرچکے ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے بحالی پروگرام پر ابھی تک بلے باز کو کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن یونٹ کے عہدیداران پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں مصروف ہیں جس وجہ سے تاحال عمر اکمل بحالی پروگرام شروع نہیں کر سکے اور پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے اختتام کے بعد رواں ماہ کے آخر یا جولائی کے اوائل میں بحالی پروگرام شروع ہونے کا امکان ہے۔
عمر اکمل کے مداحوں کیلئے بری خبر یہ ہے کہ بحالی پروگرام میں تاخیر کے باعث بلے باز کی آئندہ سیزن میں ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی مشکل ہونے کےساتھ ساتھ سٹی کرکٹ چیمپین شپ میں شرکت کے امکانات بھی معدوم ہو گئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے طریقہ کار کے مطابق بحالی پروگرام مکمل کئے بغیر کرکٹر کی بھربور مقابلہ جاتی کرکٹ میں واپسی ممکن نہیں ہے، بحالی پروگرام میں عمر اکمل کو مختلف فلاحی کاموں میں حصہ لینے کے علاوہ بلے باز کو نوجوان کرکٹرز اور دیگر لوگوں کو مختلف لیکچرز دینا ہوں گے۔
واضح رہے کہ عمر اکمل کو کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے ریلیف ملے دوماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا ہے جبکہ بلے باز نے خود پر عائد 42 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ بھی ادا کردیا ہے۔