عوام 20 روپے فی لٹر پیٹرول کی قیمت میں اضافے کیلیے تیار ہو جائے، سلیم مانڈوی والا

04:43 PM, 13 Jun, 2021

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہےکہ  20 روپے فی لٹر پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے لیے تیار ہوجائیں، حکومت نے ٹیکس لگا کر عام آدمی کی جیب پر ڈاکا ڈالا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ حکومت نے بجٹ میں27 ارب روپے کے نئے ان ڈائریکٹ ٹیکس لگائے ہیں اور حکومت کہتی ہے کوئی ٹیکس لاگو نہیں کیا۔

سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے بجٹ کاپی پیسٹ کیا ہے، ہرسال تحریک انصاف کا جو بھی ٹارگٹ رہا ٹیکس کلیکشن کی تباہی ہی کی ہے،جس حکومت کو یہ نہیں معلوم کہ ٹیکس کیسے کلیکٹ کرنا ہے وہ بجٹ کیسے بنائے گی؟ کابینہ کی منظوری کے بنا بجٹ پیش ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی میں اضافے کی بات کی گئی،آپ 20 روپے فی لٹر پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے لیے تیار ہوجائیں، ان ڈائریکٹ ٹیکس لگاکر تباہی کردی گئی ہے، اس کا غریب عوام کو براہ راست اثر پڑے گا، آن لائن خریدار پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا، جب تک کورونا رہےگا آن لائن نظام چلتا رہےگا۔

انہوں نے کہا کہ کروڈ آئل پر 17 فیصد ٹیکس عائد کردیا ہے،حکومت لگائے گئے ٹیکس کا جائزہ لے ،ایل این جی پر بھی ٹیکس لگادیا ہے،جس سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے امکانات ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بجٹ میں عام آدمی کے لیے کوئی ریلیف نہیں ہے، صوبے کیسے وفاق کو سرپلس واپس کریں گے؟ صوبے وفاق کو پیسے واپس نہیں کرتے، ملک کی ایکسپورٹ 7 سال میں نہیں بڑھی، آئی ایم ایف کی بورڈ میٹنگ سے پاکستان کا ایجنڈا ڈراپ کردیا گیا ہے، وزیرخزانہ خود کہہ رہے ہیں آئی ایم ایف سے غلط معاہدے ہوئے۔

مزیدخبریں