ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ مشاورت کیلئے آتے جاتے رہتے ہیں، ہمیں یہ باتیں چھپانے کی ضرورت نہیں، یہ پہلا دورہ ہے اور نہ آخری، کلبھوشن یادیو کیس بگاڑنے والی مسلم لیگ ن ہے۔
ملتان میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کیے ہیں۔ بھارت چاہتا ہے یہ کیس دوبارہ سے عالمی عدالت انصاف میں جائے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ملتان:بھارت چاہتا ہے کلبھوشن کو کونسلر رسائی نہ دی جائے، امید ہے اپوزیشن بھارتی سازشوں پر سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپوزیشن ناسمجھی کا ثوبت نہیں دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی ہر ضلع میں بنائی گئی ہے، اس کا اگلا اجلاس 26 تاریخ کو ہوگا۔ تمام چیئرمینز کو وزیراعظم عمران خان نے خود نامزد کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت انتقام نہیں بلکہ ملک میں شفاف احتساب چاہتی ہے۔ عزتیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں، بلا وجہ کسی کی پگڑی اچھالنے اور انتقامی کارروائیوں کے قائل نہیں ہیں۔ اگر کوئی سمجھتا ہے عمران خان این آر او دیں گے تو ایسا نہیں ہو گا
انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ نے واضح کر دیا ہے کہ منی بجٹ پیش نہیں ہوگا۔ احسن اقبال بیان دینے سے پہلے بجٹ کا مطالعہ کرلیں، انہوں نے دستاویز پڑھیں نہ تقریر سنی، بس بیان داغ دیا۔ اپوزیشن والے جانتے ہیں صرف دل لگی کر رہے ہیں۔
سعودی عرب کی حج پالیسی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے سعودی حکومت نے حج محدود کرنے کا فیصلہ کیا، صرف 60 ہزار مقامی لوگوں کو حج کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ امریکا کو ہوائی اڈے فراہم کر رہے ہیں نہ ہی ایسا ارادہ ہے۔